13 مئی 2013 - 19:30
سعودی وزیر خارجہ: ایران عالم اسلام میں اہم اور ممتاز مقام رکھتا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہو ئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ایران کو دوست ،برادراور علاقہ کا اہم ملک قراردیا اور کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ایران کے لئے نیک خواہشات اورتمنائیں رکھی ہیں۔

ابنا: سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل نے جدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ہم منصب علی اکبر صالحی کے ساتھ ملاقات کے دوران ایران اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ مالی کے بحران کے سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے اجلاس میں شرکت کے لئے گذشتہ روز جدہ پہنچے جہاں سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ایران کو دوست ،برادراور علاقہ کا اہم ملک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ایران کے لئے نیک خواہشات اورتمنائیں رکھی ہیں سعود الفیصل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر تاکید کی ہے کہ ایران کا عالم اسلام میں اہم اور ممتاز مقام ہے اور سعودی عرب ہمیشہ ایران کو عظیم اور بزرگ ملک سمجھتا ہے ۔

سعود الفیصل نے کہا کہ سعودی عرب باہمی اور مشترکہ مفادات کی بنا پر ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ادھر ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے بھی اس ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور سعودی عرب ملکر عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور علاقہ میں جاری بحرانوں کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعہ حل کرنے ضرورت کو محسوس کیا۔

انھوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ملکر فلسطین، بحرین، شام اور عراق کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

علی اکبر صالحی نے کہا کہ ہمیں عالم اسلام کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں امریکہ سے مدد مانگنے کے بجائے اللہ تعالی سے مدد مانگنی چاہیے اورعالم اسلام کی توانائیوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

.....

/169